آم کا انتظار کرنیوالوں کیلئے بری خبر! پھلوں کا بادشاہ آم کیوں روٹھ گیا؟ جانيے


لاہور( وقار ورلڈ تازہ ترین ۔20 مئ 2022ء )موسمیاتی تبدیلی نے پھلوں کے بادشاہ آم کو بھی ناراض کردیا،ملک میں آم کی پیداوار میں کمی کے بعد ایکسپورٹ میں مشکلات کا سامنا ، ملک میں بھی سپلائی کم ہونے سے قیمتوں میں غيرمتوقع اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن نے رواں سیزن آم کی پیداوار میں کمی کے پیش نظر ایکسپورٹ کے ہدف میں گزشتہ سال سے 25ہزار میٹرک ٹن کمی کردی ہے اور رواں سیزن کے لیے ایک لاکھ 25ہزار میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کردیا ، ہدف پورا ہونے سے پاکستان کو 106ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق رواں سیزن موسمیاتی اثرات اور بلند درجہ حرارت کی وجہ سے آم کی پیداوار کو نقصان پہنچا ہے پاکستان میں آم کی اوسط پیداوار 18لاکھ میٹرک ٹن ہے جو رواں سیزن 50فیصد کمی سے 9لاکھ میٹرک ٹن تک محدود رہنے کا خدشہ ہے۔
آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق رواں سیزن مارچ کے وسط میں آم کے پیداواری علاقوں میں اوسط درج حرارت 36سے 43ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو گزشتہ سیزن اوسط 35ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔درجہ حرارت میں غيرمتوقع اضافہ سے آم کی پیداوار کو بھاری نقصان پہنچایا ساتھ ہی آب پاشی کے مسائل، نہروں کی بندش کی وجہ سے پانی کی قلت، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور سیزن کے دوران ڈیزل کی قلت نے موسمی اثرات کو مزید سنگین بنادیا ہے

مقامی مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں پیداوار میں کمی کی وجہ سے آم کی کمی کے باعث مارکیٹ میں غيرمتوقع قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ شہریوں کو سپلائی میں کمی بھی متوقع ہے.